You are currently viewing ماہِ رمضان اور خود کا جائزہ

ماہِ رمضان اور خود کا جائزہ

رمضان روحانی طور پر متحرک رہنے کا وقت ہے۔ رمضان المبارک کے روزوں کے ظاہری احکام اور عبادات کو ان کے مفہوم اور مقصد پر توجہ دیے بغیر روزہ محض ایک رسم میں بدل جائے گا۔تقویٰ کا ظاہری مظاہرہ کرنے سے ہم روزے کی روح اور جوہر کو یکسر کھو سکتے ہیں۔

 روزہ اپنے رب کریم کو راضی کرنے اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نقش قدم پر چلنے کے لیے ہے۔ رمضان کا جو ہر کیا ہے؟ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سکھایا کہ رمضان  صبر کا وقت، انسانوں کے ساتھ ہمدردی، اللہ تعالیٰ کا قرب تلاش کرنا، دن رات دعائیں کرنا، قرآن عظیم کی تلاوت کرنا اور اسے سننا ہے۔ اس لیے انہوں نے رمضان کو ہمارے لیے قیامت کے دن شفاعت کرنے والا اور ہمارے گناہوں کے کفارہ کا ذریعہ قرار دیا۔

رمضان وہ مہینہ ہے جس میں اسلام کی مقدس کتاب قرآن 610عیسوی میں جبرائیل علیہ السلام کے ذریعے نبی اکرام صلی علیہ وسلم پر نازل ہوئی۔ قرآن کے نزول کی یاد منانے کے لیے، مسلمان رمضان کے مہینے میں روزہ رکھتے ہیں۔ جس کا مقصد خدا کے ساتھ ایک مضبوط رشتہ استوار کر کے روحانیت میں ترقی کرنا ہے۔جو کہ یہ کام روزے، نماز، قرآن کی تلاوت، اپنے اعمال کو بامقصد اور بے لوث بنانے کے ساتھ ساتھ جھوٹ، گپ شپ اور لڑائی جھگڑے سے پرہیز کرتے ہوئے کرتے ہیں۔ قرآن مجید میں لیلتہ القدر کو یوں بیان کیا گیا ہے: ’ہم نے اس(قرآن) کو شب قدر میں نازل کیا ہے۔ اور آپ کو کیا سمجھائے کہ شب قدر کیا ہے؟ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔‘ (قرآن 4-97:1)

آج میں آپ کو رمضان کے مہینے میں خود کا جائزہ لینے پر اپنا موقف پیش کروں گا۔جس میں چند اہم باتوں کو آپ کے ساتھ شئیر کروں گا جس سے ہمیں ان باتوں کا پتہ چلے کہ ہم سے کون سی غلطی انجانے میں ہو رہی ہے۔کیا رمضان میں ہم اپنا جائزہ یا امتحان لیتے ہیں۔رمضان کی فضیلت کیاہے۔کیا ہمیں علم ہے کہ ہم نے جو عبادت کی اس کا مقصد کیا تھا۔کیا ہم نے کسی کوجانے انجانے میں تکلیف پہنچائی ہے۔ کیا ہم نے صرف بھوکے پیاسے رہ کر روزے مکمل کئے ہیں۔کیا ہم نے نیت کی ہے۔ ایسے کئی سولات ہیں جنہیں اپنے آپ سے پوچھناچاہیے۔ تاہم مجموعی طور پر رمضان کی فضیلت اور عبادت سے زیادہ تر لوگ واقف ہیں اور وہ اپنی عبادت اللہ کے حکم کے مطابق ہی کرتے ہیں۔

اگر روزے اور عبادت کی اہمیت کو سمجھے بغیر رمضان کا مہینہ گزارا جائے تو یہ ا یک محض رسم ہوگی اور ہم محض رمضان کو رسمی طور پر مناتے رہیں گے۔ رمضان کے متعلق حضرت محمد ﷺ نے ہمیں صبر، ہمدردی، اللہ سے قربت، دن اور رات کی عبادت،قرآن کی تلاوت اور اس کوسننے کی ہدایت دی ہے۔ اسی لئے حضرت محمد ﷺ نے رمضان کی عبادت اور اس بابرکت مہینے کی عبادت کے بدلے ڈھیروں نیکیاں کمانے کا  بہترین موقعہ بتایا ہے۔ حضور ﷺ نے یہ بھی کہا ہے کہ اس مہینے کی عبادت سے ہمیں اپنے گناہ کو معاف کروانے کا موقع ملتا ہے۔

روزے ہم اللہ کو خوش رکھنے کے لئے اور حضرت محمد ﷺ کے نقشِ قدم پر چلنے کے لئے رکھتے ہیں۔عام طور پر روزے رکھنے سے ہمارے وزن میں گراوٹ آتی ہے لیکن ہمیں کبھی یہ سوچ کر یا نیت کر کے روزے نہیں رکھنے چاہئے کہ ہمارا وزن روزے رکھنے سے کم ہو جائے گا۔ اس بات کا خیال رکھنا چاہئے کہ ہمارے ذہن میں ایسی بات نہ آئے اور دورانِ گفتگو روزے کے حوالے سے وزن کو کم کرنے کا ذکر ہم ہر گز نہ کریں۔

روزہ ایک روحانی ورزش ہے جو ہمیں اللہ سے قریب کرتی ہے۔ اکثر ہم غفلت میں افطار کے دوران کھانے اور پینے کی چیزوں پر زیادہ دھیان دیتے ہیں۔تاہم ایسا ہونا ایک فطری عمل ہے کیونکہ دن بھر بھوکے رہنے کے بعد ہمیں اچھی غذا کی خواہش اور ضرورت ہوتی ہے۔لہذاٰ ہم اپنا زیادہ وقت چیزوں کی خریداری میں صرف کر دیتے ہیں جس سے رمضان کی عبادت پر اثر پڑتا ہے۔ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ رمضان میں اپنی خواہشات اوربے جا خوشیوں کو بالائے طاق رکھ کر روزے کی اہمیت کو برقرار رکھیں۔

رمضان میں سحری کے وقت جاگنے سے ہمارے سونے کے اوقات میں تبدیلی آجاتی ہے۔ کیونکہ تراویح کا پڑھنا اور سحری میں جاگنے کی وجہ سے ہماری نیند میں کافی خلل پڑتا ہے۔ جس کا نتیجہ یہ ہوتا ہے کہ کچھ لوگ روزے کے دوران نیند سونا پسند کرتے ہیں۔ ایسا کرنے سے ہم رمضان کی عبادت کو کھو دیتے ہیں اور ہم اس مبارک مہینے کی برکت سے محروم رہ جاتے ہیں۔ کچھ لوگ روزے کے دوران وقت  گزارنے کے لئے ٹی وی دیکھتے ہیں یا دیگر تفریحات کا سہارا لیتے ہیں جو کہ ایک غیر ضروری بات ہے۔حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ “اگر لوگوں کو رمضان کی اہمیت کا علم ہوجائے تو وہ پورے سال رمضان مہینے کی چاہت کریں گے”۔

رمضان ایمان والوں کے لئے دعا اور عبادت شیطان اور انا سے نبٹنے کے لئے ایک اہم ہتھیار ہے۔حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ” اللہ تین لوگوں کی دعاؤں کو کبھی مسترد نہیں کرے گا۔ پہلا والد کی دعا، دوسرا روزے دار کی دعا،اور تیسرا مسافر کی دعا”۔ہم رمضان میں اکثر اپنی ماں، بہنوں اور گھر میں کام و کاج کرنے والوں کو بھول جاتے ہیں جوہمارے لئے افطار تیار کرنے میں اچھا خاصا وقت صرف کر تے ہیں۔  ہمیں خیال رکھنا چاہئے کہ انہیں بھی عبادت کا موقعہ ملے اور وہ عبادت سے محروم نہ رہیں۔

اسلام  میں جھوٹ بولنے کے خلاف سخت الفاظ استعمال کئے گئے ہیں۔لہذاٰ رمضان میں ہمیں جھوٹی باتوں سے گریز کرنا چاہئے۔ لیکن اکثر دیکھا گیا ہے کہ ہم روزے کی حالت میں جھوٹ بول کر اپنے آپ کو سُر خرو ثابت کرنا چاہتے ہیں۔ مثلاً چند غریبوں کو رمضان کی امداد دے کر اخبارات میں تصویروں کا شائع کروانا یا کاروبار کے لین دین میں جھوٹ کا سہارا لینے سے گریز کرنا چاہئے۔ حضرت محمد ﷺ نے کہا ہے کہ ” اللہ کو اس انسان کے بھوک و پیاس سے کوئی مطلب نہیں جو روزے کی حالت میں جھوٹ اور غلط بیانی سے کام لیتا ہو”۔

رمضان میں تین ایسے سماجی طریقے ہیں جو رمضان کی اہمیت اور اس کی فضیلت کا احساس دلاتا ہے۔ افطار کا اہتمام کرناایک اہم سماجی طریقہ ہے اورجس کا اہتمام خاص کر مساجد میں کرنا چاہئے۔لیکن اس بات کا دھیان رکھنا چاہئے کہ افطار پارٹی کے دوران اسٹیج کا سجانا یا بہترین کھانوں کا انتظام کرنا اسلام کی سادگی اور اعتدال پسندی کے خلاف ہے۔اعتکاف کے روحانی پسِ منظر میں مسجد میں رمضان کے آخری دس دن بیٹھنا ایک اہم عمل ہے۔

 اسلامی مہینے کے آخری عشرے کی طاق راتوں میں سے ایک رات شب قدر کہلاتی ہے جو بہت ہی خیر و برکت والی رات ہے۔قرآن پاک میں اس رات کو ہزار مہینوں سے افضل بتایا گیا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے ” بے شک ہم نے اس (قرآن) کو شب قدر میں اتارا ہے اور تم کیا جانو شب قدر کیا ہے شب قدر (فضیلت، و برکت اور اجر و ثواب میں) ہزار مہینوں سے بہتر ہے۔ اس (رات) میں فرشتے اور روح الا مین (جبرائیل) اپنے رب کے حکم سے (خیر و برکت کے) ہر امر کے ساتھ اترتے ہیں۔ یہ رات طلوع فجر تک سراسر سلامتی ہے۔” (سورۃالقدر)ہمیں اس رات کو خوب عبادت کرنی چاہئے اور اللہ سے اپنی گناہوں کی معافی مانگنی چاہئے۔

 زکوۃ کا دینا اور اس سے لوگوں کی مدد کرنا اسلام میں انسانی ہمدردی کا ایک بہترین نمونہ پایا جاتا ہے۔ زکوۃ کی فرضیت کتاب و سنت سے ثابت ہے۔ اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں ارشاد فرماتا ہے: وَاِقیِمُو االصَّلٰوۃَ وَاٰ تُو االزّ کٰوۃَ(البقرۃ:۳۴)اور نماز قائم رکھو اور زکوٰۃ دو۔زکاۃ اسلام کے پانچ ارکان میں سے ایک اہم رکن ہے۔ جس کی فرضیت کا انکار کرنے والا کافر ہے۔ اس کا بنیادی مقصد غریبوں کی مدد، معاشرتی فلاح و بہبود میں صاحب ثروت لوگوں کا حصہ ملانا اور مستحق لوگوں تک زندگی گزارنے کا سامان بہم پہنچانا ہے۔

رمضان کے اس مبارک مہینے میں زیادہ تر مسلمان خوب عبادت کرتے ہیں اور اس مہینے میں ثواب بھی کماتے ہیں۔ لیکن آج کل کی بھاگتی زندگی میں ہم کہیں نہ کہیں گمراہ ہوجاتے ہیں اور ہم اپنا جائزہ لینا بھول جاتے ہیں۔ جب انسان اپنا امتحان خود لیتا ہے تو اسے اس بات کا علم ہوتا ہے کہ اس کے اندر کیا خامیاں اور خوبیاں ہیں۔اسی طرح رمضان میں اگر ہم اپنا جائزہ لیں تو ہمیں اپنی خوبیوں اورخامیوں کا پتہ چلے گا۔جس کی وجہ سے ہم ان غلطیوں کو دہرانے سے گریز کریں گے اور اس طرح ہم ایک نیک اور صالح انسان بن کر اچھے مسلمان بن جا ئیں گے۔ اللہ ہمارے گناہوں کو معاف فرمائے اور ہمیں نیک انسان بننے کی توفیق عطا کرے۔آمین

Leave a Reply